ترقیاتی کاموںکے سنگ بنیاد تقریب سے ریاستی وزیر کے وینکٹ ریڈی کا خطاب
نلگنڈہ۔17؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر برائے عمارات وشوارع اور سنیماٹوگرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا ہے کہ نلگنڈہ شہر کو ایک سوپر اسمارٹ سٹی کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ شہر کی ترقی پر اب تک تقریباً 2000 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور اگر ضرورت پیش آئی تو مزید 2000 کروڑ روپے منظور کر نے کے لیے بھی حکومت تیار ہے۔ریاستی وزیر نے آج نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن میں تقریباً 18.70 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد ازاں میونسپل کارپوریشن کے کانفرنس ہال میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میونسپلٹی کے کارپوریشن بننے کے بعد مرکزی حکومت سے براہِ راست فنڈز حاصل ہونے کے امکانات روشن ہوئے ہیں اْنہوں نے بتایا کہ امرت-2 کے تحت 216 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر زمین نکاسی آب اور نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (STP) کی تعمیر جاری ہے۔ پینے کے پانی کی بہتر فراہمی کے لیے 56 کروڑ 75 لاکھ روپے سے 12 نئے واٹر ٹینکس اور پائپ لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے SETWIN قائم کیا گیا ہے جبکہ شہر میں 24 گھنٹے پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 125 کروڑ روپے کا ڈی پی آر حکومت کو ارسال کیا گیا ہے۔ لطیف صاحب درگاہ اور برہمنگری گٹہ تک گھاٹ روڈ کی تعمیر کے لیے 140 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے واضح کیا کہ حکومت نلگنڈہ کو حیدرآباد کے متوازی ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے اور ایس ایل بی سی ٹنل منصوبہ بھی مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہر کی مجموعی ترقی میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔اس موقع پر ضلع کلکٹر بی چندر شیکھر ایڈیشنل کلکٹر جے۔ سرینواس آر ڈی او وائی اشوک ریڈی مونسپل کمشنر سید مصائیب احمد ، سابق ارکان بلدیہ ضلعی عہدیدار اور دیگر موجود تھے۔
