ترقیاتی کاموں سے کانگریس کو بوکھلاہٹ ، بی جے پی پر بھی تنقید، جلسہ عام سے کے ٹی آر کا خطاب
نلگنڈہ /2 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے پر 6 گیارنٹیوں کی کوئی وارنٹی تو نہیں البتہ تین گیارنٹی ضرور عمل میں آئے گی۔ بی آر ایس کے 9 سالہ دور اقتدار میں کئے گئے ترقیاتی و فلاحی پروگراموں سے کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر گمراہ کن بیان بازی کر رہے ہیں ۔ یہ بات ریاستی وزیر آئی ٹی و میونسپل اڈمنسٹریشن مسٹر کے تارک راما راؤ نے کہی آج اپنے دورہ نلگنڈہ کے موقع پر 913 کروڑ ترقیاتی کاموں اور آئی ٹی ہب کے افتتاح و سنگ بنیاد تقاریب میں انہوں نے حصہ لیا اور این جی کالج نلگنڈہ میں جلسہ عام کو مخاطب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نلگنڈہ میں رویندر بھارتی سے بھی اعلی سہولتوں کے ساتھ کلا بھارتی کی تعمیر کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر نے کانگریس پارٹی اور سابقہ ریاستی وزیر و رکن پارلیمنٹ بھونگیر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقہ کی ترقی سے متاثر ہوکر بوکھلا گئے ہیں اور اپنا ذہنی توازن کھوکر گمراہ کن بیان بازی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی گیارنٹیوں کی عمل تو دور کی بات ہے لیکن 3 گیارنٹی ضرور ہوگی۔ برقی سربراہی 3 گھنٹے ہوگی اور سال میں ایک دفعہ چیف منسٹر کو تبدیل کرنے کے علاوہ بدعنوانی آسمان چھولے گی ۔ رکن اسمبلی نلگنڈہ کی حیثیت سے مسٹر وینکٹ ریڈی ضلع آئی ٹی ہب کا قیام عمل میں لانے اور میڈیکل کالج کے قیام عمل میں لانے کے وعدے کرتے رہے اور عوام کو گمراہ کیا لیکن بی آر ایس رکن اسمبلی کے بھوپال ریڈی نے عوام کی توقعات کے مطابق ترقیاتی کاموں کو انجام دیا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ حلقہ کو ترقی یافتہ بنانے والے قائد کو بہی دوبارہ منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں فلورائیڈ کے ناسور سے پاک کرنے کا سہرا چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کو ہی جاتا ہے ۔ جس کا اعتراف پارلیمنٹ میں خود وزیر اعظم نے ہی کیا ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 9 سال دور میں صرف ہندو مسلم میں تفرقہ پیدا کیا ۔ مسلمانوں کو ہراساں کیا یہاں تک کے پارلیمنٹ میں بھی صرف مسلمان ہونے کی وجہ ہی غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا گیا ۔ جبکہ تلنگانہ حکومت ہندو مسلم کو نہیں دیکھا بلکہ آپسی اتحاد کے ذریعہ صرف غریب و مستحق ہونے پر فلاحی اسکیموں کو روشناس کروایا ۔ اس جلسہ کو ریاستی وزیر برقی مسٹر جی جگدیش ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ بھونگیر کو نااہل قائد قرار دیا ۔ اس ترقیاتی جلسہ عام کو رکن اسمبلی نلگنڈہمسٹر کے بھوپال ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے آنسو بہائے جس پر رکن اسمبلی تنگاترتی نے دلاسہ دیا ۔ اس جلسہ عام میں رکن راجیہ سبھا مسٹر بی لنگیا یادو کے علاوہ صدرنشین ضلع پریشد بی نریندر ریڈی اور سندیپ ریڈی کے علاوہ ضلع کے تمام ارکان اسمبلی موجود تھے ۔