اہم قلمدان متوقع،ضلع بھر میں کے وینکٹ ریڈی اور اتم کمار ریڈی کے حامیوں کا جشن
نلگنڈہ 7 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ کانگریس پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے پر چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیتے ہوئے اپنے کابینی رفقاء میں متحدہ ضلع نلگنڈہ سے دو سینئر قائدین کو شامل کرنے پر ضلع بھر میں خوشی و مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ ان قائدین کو اہم قلمدان پر تفویض کیا جائے گا۔ حلقہ اسمبلی نلگنڈہ سے پانچویں مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب مسٹر کے وینکٹ ریڈی 23 مئی 1963 ء میں موضع بی ویملا نارکٹ پلی منڈل میں پیدا ہوئے۔ وہ تعلیمی دور سے ہی اسٹوڈنٹ یونین این ایس یو آئی سے وابستہ رہے اور 1999 ء میں پہلی مرتبہ بحیثیت رکن اسمبلی نلگنڈہ سے منتخب ہوئے۔ 2004 ء ، 2009 ء ، 2014 ء میں بھی حلقہ اسمبلی نلگنڈہ سے ایوان میں نمائندگی کی لیکن 2018 ء میں ٹی آر ایس امیدوار کے بھوپال ریڈی کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ 2019 ء میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا بھونگیر سے حصہ لیا اور بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے۔ وہ چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی اور روشیا حکومت میں یوتھ ویلفیر اور کھیل کی وزارت کی ذمہ داری پر فائز رہے۔ بعدازاں چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی کابینہ میں شامل ہوئے لیکن علیحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد میں حصہ لینے کے لئے وزارت سے مستعفی ہوکر جدوجہد میں سرگرم حصہ لیا۔ قبل ازیں کے وینکٹ ریڈی نے ضلع میں فلورین سے پاک آبی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے 2003 ء میں 11 روزہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کی اور 2011 ء میں علیحدہ ریاست کے قیام کے مطالبہ میں نہ صرف وزارت سے مستعفی ہوئے بلکہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال بھی کی۔ مسٹر کے وینکٹ ریڈی کو پارٹی نے اسٹار کمپینر اور اسکریننگ کمیٹی رکن کی حیثیت سے مقرر کیا تھا اور آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کابینہ میں وزیر کے طور پر حلف دلایا گیا اور توقع ہے کہ انھیں تلنگانہ میونسپل اڈمنسٹریشن کی ذمہ داری دی جائے گی۔ حلقہ اسمبلی حضور نگر مسٹر کے اتم کمار ریڈی جو کوداڑ حلقہ سے دو مرتبہ اور حلقہ حضور نگر سے تین مرتبہ بحیثیت رکن اسمبلی منتخب ہوئے 2019 ء میں لوک سبھا رکن کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ اتم کمار ریڈی 20 جون 1962 ء کو ترملگری منڈل کے موصع نائیپا ملا موضع میں پیدا ہوئے۔ وہ ایرفورس میں خدمات انجام دینے کے بعد 1999 ء 2004 ء میں کانگریس پارٹی سے حلقہ اسمبلی کوداڑ سے رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ 2009 ء، 2014 ء ، 2018 ء میں حلقہ اسمبلی حضور نگر سے منتخب ہوئے۔ پارٹی نے انھیں 2019 ء میں حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ سے امیدوار بنایا، وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے پر رکنیت حضور نگر کی حیثیت سے مستعفی ہوگئے۔ ان قائدین کی حلف برداری کے بعد نلگنڈہ مستقر پر ان کے حامیوں نے ریالی کے ذریعہ کلاک ٹاور سنٹر پہونچ کر مٹھائی تقسیم کی اور آتشبازی کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔