پروفیسر کودنڈا رام اور سدھاکر ریڈی میدان میں، کانگریس میں راملو نائک کو امیدوار بنایا
حیدرآباد: ٹی آر ایس نے نلگنڈہ ، کھمم اور ورنگل اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی گریجویٹ نشست کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ 14 مارچ کو گریجویٹ حلقوں کے انتخابات مقرر ہیں۔ ٹی آر ایس نے گریجویٹ نشست کے علاوہ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے۔ پارٹی نے پی راجیشور ریڈی کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے جبکہ اس حلقہ سے کانگریس پارٹی نے راملو نائک کو میدان میں اتارا۔ تینوں اضلاع میں قبائلی عوام کی خاصی تعداد کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے قبائلی قائد کو امیدوار بنایا ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، یووا تلنگانہ پارٹی کے رانی ردرما ریڈی اور تلنگانہ اینٹی پارٹی کے بانی ڈاکٹر سی ایچ سدھاکر ریڈی بھی انتخابی میدان میں ہے۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے وجئے سمہا ریڈی کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ ورنگل ، کھمم اور نلگنڈہ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 491396 ہے، ان میں سے سابق نلگنڈہ ضلع کے 185943 رائے دہندے ہیں۔ انتخابی مہم کے اعتبار سے ٹی آر ایس کو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل ہے۔