نمائش شائقین کے لیے آر ٹی سی کی خصوصی بس خدمات

   

ہر پانچ منٹ میں ایک بس کی آمد و رفت ، ایگزیکٹیو ڈائرکٹر کارپوریشن ونود کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کل ہند صنعتی نمائش دیکھنے کے شائقین کے لیے گریٹر حیدرآباد شہر کے مختلف مقامات سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن حیدرآباد سٹی ریجن نے 200 اسپیشل بسیں نمائش میدان نامپلی تک چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نمائش جس کا یکم جنوری کو افتتاح عمل میں آیا اور 15 فروری کو اختتام عمل میں آئے گا ۔ 12 جنوری تک مختلف مقامات سے نمائش میدان تک روزانہ 100 آر ٹی سی بسیں چلائی جائیں گی اور 13 جنوری تا نمائش کے اختتام تک روزانہ 150 اسپیشل آر ٹی سی بسیں چلائی جائیں گی ۔ مسٹر ونود کمار ایکزیکٹیو ڈائرکٹر گریٹر ٹی ایس آر ٹی سی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تعطیلات کے دنوں میں شہر اور شہر کے مضافاتی علاقوں سے نمائش میدان تک روزانہ 200 اسپیشل بسیں چلائی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گریٹر حیدرآباد سٹی ریجن میں عوام کو دور دراز علاقوں سے حیدرآباد سٹی کے مرکزی مقامات تک آر ٹی سی کی بسوں میں بہتر سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں اور بسوں کی آمد و روانگی کے وقفہ میں بھی کمی کرتے ہوئے ہر پانچ منٹ میں مسافروں کو بس کی سہولت بہم پہونچانے کی ممکنہ کوشش کرتے ہوئے اہم بس اسٹاپس پر بسوں کو نہ روکنے کی وصول ہونے کی شکایتوں کو دور کرنے کے لیے بھی ان مقامات پر بسوں کی روانگی کو باقاعدہ بنانے کے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی میں مسافروں کو انتہائی کم وقفہ میں ہی بسیں دستیاب ہونے کی وجہ سے عوام کو بسوں میں سفر کرنے کے لیے اب کوئی مشکلات پیش نہیں آرہی ہیں ۔ بلکہ مسافروں کی کثیر تعداد بسوں میں سفر کو ہی اولین ترجیح دے رہے ہیں جب کہ طویل فاصلہ تک سفر کرنے والے مسافرین وقت کی بچت کرنے کے لیے جس روٹ پر میٹرو ریل کی سہولت دستیاب ہے ان روٹس پر میٹرو ٹرین میں سفر کررہے ہیں لیکن میٹرو ٹرین سرویس کے باعث آر ٹی سی بسوں پر کوئی خاص اثر مرتب نہیں ہوا ۔۔