کھانے کی تلاش میں پنڈال میں جانے کا شبہ ۔ ڈی سی پی سنٹرل زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب پنڈال میں رکھی درگا کی مورتی کو نقصان پہونچایا گیا ۔ تاہم پولیس نے مورتی کو نقصان پہونچانے والے کرشنیا گوڑ نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا ۔ نمائش میدان میں بٹھائی گئی مورتی کو رات دیر گئے نقصان پہونچایا گیا اور پنڈال میں توڑ پھوڑ کی گئی اس واقعہ کی اطلاع پر شہر میں سنسنی پھیل گئی اور ماحول کشیدگی کا رخ احتیار کر گیا ۔ فرقہ پرست تنظیموں نے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کرکے احتجاج کیا اور معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر اشتعال انگیز نعرہ بلند کئے ۔ پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر چوکسی اختیار کرلی تھی اور شہر کے مختلف علاقوں سے نامپلی پہونچنے والے افراد کو قابو میں کیا گیا ۔ تاہم رات دیر گئے سنٹرل زون پولیس نے خاطی شخص کو گرفتار کرلیا ۔ جس نے مورتی کو نقصان پہونچایا اور منڈپ میں توڑ پھوڑ کی ۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے جدوجہد کرتے ہوئے خاطی کو گرفتار کرلیا اور اس کی شناخت کو ظاہر کردیا ۔ دسہرہ پر نمائش گراونڈ میں بڑا پروگرام رہتا ہے اور اکثریتی فرقہ کے افراد کی کثیر تعداد جمع ہوتی ہے ۔ شہر کے ماحول کو بگاڑنے کی سوشیل میڈیا پر بھر پور کوشش کی گئی لیکن پولیس نے اس تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون اکشنس یادو نے بتایا کہ درگا مورتی کو نقصان پہونچانے والے کرشنیا گوڑ کو گرفتار کرلیا گیا جو ناگر کرنول کا ساکن ہے ۔ کرشنایا گوڑ فٹ پاتھ پر زندگی بسر کرتا ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ کھانے کی تلاش میں اس نے یہ حرکت کی جو ذہنی طور پر کمزور ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ کل رات ڈانڈیا کا پروگرام تھا ۔ کرشنیا اس وقت نمائش گراونڈ میں ہی موجود تھا ۔ پروگرام میں شریک تمام افراد کے جانے کے بعد وہ پنڈال میں کھانے کی تلاش میں گیا جس کے بعد ہنڈی توڑی اور مورتی کو نقصان پہونچا ۔ نمائش گراونڈ کی مین گیٹ کے کیمرے میں اس کو قید کیا گیا اور پولیس نے سینکڑوں کیمروں کی جانچ کے بعد رات دیر گئے فیل خانہ سے اس کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں چوکس تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چند شہریوں کی جانب سے سوشیل میڈیا پر اس واقعہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی جس سے شہر کے ماحول کو خطرہ بن گیا تھا ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ایسی اطلاعات کی بغیر تحقیق و جانچ کے یا پھر پولیس کی تصدیق کے بغیر یقین نہ کریں اور آگے روانہ نہ کریں ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور کرشنیا گوڑ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔۔ ع