نمائش کو آج سے عوام کیلئے دوبارہ کھول دیا جائے گا

,

   

آتشزدگی سے متاثرہ اسٹالس کی صفائی و بحالی کا کام جنگی خطوط پر جاری

حیدرآباد ۔ یکم / فبروری (سیاست نیوز) کل ہند صنعتی نمائش میں مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں خاکستر ہونے والے اسٹالس کو دوبارہ تعمیر کرنے کا کام جنگی خطوط پر جاری ہے ۔ نمائش میدان میں آج متاثرہ اسٹالس کے ملبے کی صفائی کیلئے کرینس ، جے سی پی اور بھاری تعداد میں مزدوروں کو لگایا گیا ہے ۔ آگ لگنے کے واقعہ میں جملہ 320 اسٹالس مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے جس کے خلاف 130 متاثرین نے کل نمائش سوسائیٹی کے دفتر پر زبردست احتجاج کیا تھا جس کے نتیجہ میں نمائش سوسائیٹی کے ذمہ داران نے رات اور دن اسٹالس کی دوبارہ تعمیر کیلئے خصوصی ٹیمیں لگائی ہیں ۔ خاکستر ہونے والے ملبے کی صفائی کیلئے بھی بڑے ٹرکس کا استعمال کیا جارہا ہے اور انفراسٹرکچر کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہے تاکہ اسٹالس کو فوری تیار کیا جاسکے ۔ آگ لگنے کے واقعہ کے بعد محکمہ فائر اور محکمہ برقی کی جانب سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں ابتدائی معلومات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ دو محکمہ جات یہ نتیجہ پر پہونچے ہیں کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا ۔ پولیس بیگم بازار بھی اس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ سبوتاج کے زاویہ سے بھی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ قبل ازیں نمائش سوسائیٹی کے ارکان نے ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں اسٹالس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کل نمائش کو عوام کیلئے کھول دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ متاثرہ اسٹال مالکین کو سوسائیٹی کی جانب سے حاصل کردہ کرائے واپس لوٹائے جارہے ہیں ۔ حادثہ سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کیلئے ربط پیدا کئے جانے پر نمائش کے سکریٹری جی وی رنگاریڈی نے سیاست نیوز کو بتایا کہ موثر احتیاطی اقدامات کے بعد ہی کل نمائش کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ آئندہ سال بھی ایک منصوبہ کے تحت نئی پانی کی پائپ لائین بچھائی جائے گی تاکہ اس قسم کے واقعات سے نمٹا جاسکے ۔ رنگاریڈی نے کہا کہ نمائش سوسائیٹی نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور یہ کمیٹی متاثرہ اسٹالس مالکین سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ایک تخمینہ تیار کرے گی جس پر مزید کارروائی کی جائے گی ۔