حیدرآباد 3 ڈسمبر (این ایس ایس) ریاستی ہائی کورٹ نے شہر میں کل ہند صنعتی نمائش کے انعقاد کے ضمن میں کئے جانے والے تحفظ و سلامتی اقدامات کے بارے میں مطلع کرنے کے لئے حکومت کو ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس آر ایس چوہان اور جسٹس ابھیشک ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ریاستی حکومت سے کہاکہ نمائش میں آتشزدگی کے واقعات کو روکنے کے لئے کئے جانے والے حفاظتی و احتیاطی تدابیر سے عدالت کو واقف کروایا جائے۔ حکومت کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ نمائش سوسائٹی کو مختلف محکمہ جات سے صداقت نامہ عدم اعتراض (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس) کے حصول کے لئے پابند کیا جائے اور استفسار کیاکہ آیا حکومت نے نمائش سوسائٹی کو این او سی کی پیشکشی کے لئے قانونی طور پر پابند کیا ہے۔ مفاد عامہ کی ایک درخواست میں کہا گیا تھا کہ ریاستی حکومت کو نمائش بند کرنے کی ہدایت کی جائے کیوں کہ نمائش سوسائٹی فائر سرویس قانون 1999 کے مطابق آتشزدگی سے بچنے کے لئے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔