حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : نمائش میدان نامپلی پر سالانہ نمائش کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ہر سال یکم جنوری سے نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ ملک کے مختلف ریاستوں کے تاجرین نمائش میں اپنی اپنی اسٹالس لگاتے ہیں اور لاکھوں عوام نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں ۔ تاہم کورونا بحران کی وجہ سے گذشتہ دو سال سے نمائش کا انعقاد نہیں ہوپایا ہے ۔ حالات سازگار ہونے کے بعد نمائش سوسائٹی کی جانب سے نمائش کا اہتمام کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں اور اسٹالس بھی لگائے جارہے ہیں ۔ نمائش کے انعقاد کا مسئلہ ہائی کورٹ میں زیر دوران ہے ۔ کل ہائی کورٹ نے اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے نمائش کے انعقاد کے بارے میں پہلے فیصلہ کریں ۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے بشمول ملک کے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کوویڈ پروٹوکال پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ریاست میں 2 جنوری تک بڑے مجموعہ کے جمع ہونے پر امتناع ہے ۔ اب دیکھنا ہے حکومت کیا فیصلہ کرتی ہے ۔۔ ن