مینجمنٹ کمیٹی اجلاس میں مختلف امکانات پر غور کیا جائے گا
حیدرآباد۔ اب جبکہ معمول کے مطابق نمائش 2021 کے آغاز کیلئے صرف پندرہ دن کا وقت باقی رہ گیا ہے نمائش سوسائیٹی جلد ہی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے والی ہے جس میں سالانہ نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائیگا ۔ کورونا وباء کے پیش نظر کل ہند صنعتی نمائش کے انعقاد کے سلسلہ میںمختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے ۔ مینجمنٹ کمیٹی اجلاس کے دوران مختلف پہلووں کا جائزہ لیا جائیگا اور ایک منصوبہ تیار کیا جائیگا ۔ اسی منصوبہ کے مطابق نمائش کے انعقاد کے تعلق سے قطعی فیصلہ کیا جاسکتا ہے ۔ ہر سال کل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری کو آغاز ہوتا ہے اور یہ 15 فبروری تک برقرار رہتی ہے ۔ کورونا وباء کے پیش نظر اس بار نمائش سوسائیٹی نمائش آنے والے شائقین کے مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے نمائش کے آغاز کو ملتوی کرنے کے بشمول کئی امکانات پر غور کر رہی ہے ۔ تاہم نمائش سوسائیٹی نے اسٹالس کے قیام کیلئے درخواستیں جاری کرنا شروع کردیا ہے ۔ اگر نمائش کے انعقاد کی اجازت نہیں ملتی ہے تو پھر درخواست فیس واپس کردی جائے گی ۔ کہا گیا ہے کہ اسٹالس کے قیام کیلئے رد عمل اچھا ہے اور اب تک 50 فیصد درخواست فارم داخل کئے جاچکے ہیں۔
