حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سٹی پولیس نے نامپلی پر نمائش میدان میں منعقد ہورہی 83 ویں کل ہند صنعتی نمائش کے پیش نظر یکم جنوری تا 15 فرروری 46 دن کے لیے ٹریفک تحدیدات کا اعلان کیا ہے جو ہر دن شام 4 بجے سے آدھی رات تک نافذ رہیں گے ۔ پولیس کے مطابق نامپلی کی طرف سدی عنبر بازار ، جام باغ سے آنے والی آر ٹی سی ڈسٹرکٹ بسوں ، خانگی بسوں اور ہیوی وہیکلس کو معظم جاہی مارکٹ سے عابڈس جنکشن کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔ پولیس کنٹرول روم اور بشیر باغ سے نامپلی کی سمت آنے والی آر ٹی سی ڈسٹرکٹ بسوں ، خانگی بسوں اور ہیوی گاڑیوں کو اے آر پٹرول پمپ اور مجسمہ بی جے آر سے عابڈس کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔ مالا کنٹہ کی طرف جانے کے لیے بیگم بازار چھتری سے آنے والی گاڑیوں کو الاسکا جنکشن سے دارالسلام اور یکمینار نامپلی کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔ دارالسلام ( گوشہ محل روڈ ) سے افضل گنج یا عابڈس کی طرف جانے والی گاڑیوں کو الاسکا جنکشن سے بیگم بازار ، سٹی کالج اور نیا پل کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔ موسیٰ باولی ، بہادر پورہ سے نامپلی کی طرف آنے والی گاڑیوں کو سٹی کالج سے نیا پل اور ایم جے مارکٹ کی طرف موڑ دیا جائے گا ۔۔