حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ کی دختر وجیہ لکشمی نے نامپلی نمائش گراؤنڈ پر الائی بلائی پروگرام کا اہتمام کیا۔ اِس موقع پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے شرکت کی جس میں سابق نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو، گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما، مرکزی وزراء منوہر لال کھتر، کشن ریڈی، ارجن رام میگھوال، جینتی چودھری، بنڈی سنجے، بھوپتی راجو، سرینواس ورما، ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ملو بھٹی وکرامارکا، سابق گورنر ودیا ساگر راؤ، ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس این وی رمنا، بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر لکشمن، رکن اسمبلی بی جے پی سوجنا چودھری، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ، سی پی آئی کے قومی قائد نارائنا، ٹی جے ایس کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، ایم آر پی ایس کے صدر مندا کرشنا مادیگا، ایم ایل سی و صدر تلنگانہ جاگرتی کے کویتا، تلگو فلمی شخصیات میں ناگرجنا، برہمانندم کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک کے دوران تمام سیاسی جماعتوں میں اتحاد اور تال میل پیدا کرنے کے لئے بنڈارو دتاتریہ نے اِس الائی بلائی پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ ہر سال دسہرہ کے موقع پر دتاتریہ کی جانب سے نمائش گراؤنڈ پر اِس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے جس میں تلنگانہ کی تہذیب و تمدن کو فروغ دینے کے علاوہ کھانے پینے کی اشیاء کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ اِس سال آپریشن سندور کے نظریہ کے ساتھ اِس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ نے کہاکہ یہ سیاست سے بالاتر پروگرام ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ مختلف شعبوں کی اہم شخصیات کو اِس پروگرام میں مدعو کیا جاتا ہے تاکہ اِن کے درمیان بھائی چارہ کو فروغ دیا جاسکے۔ انھوں نے کہاکہ تلنگانہ کے ہر فیصلہ میں نوجوانوں کا اہم رول رہا ہے۔ دتاتریہ نے دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹروں کو آپس میں تال میل کے ذریعہ کام کرتے ہوئے تلگو عوام کو دنیا بھر میں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔2