نمائش 2020ء کیلئے احتیاطی اقدامات کا جائزہ

,

   

کمشنر پولیس انجنی کمار کا متعلقہ عہدیداروں کی ساتھ تفصیلی معائنہ ، انتظامات پر اظہار اطمینان

حیدرآباد۔/22 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نمائش 2020ء کے انعقاد کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں اور ہائی کورٹ حکام کے ساتھ نمائش میدان کا آج صبح مشترکہ معائنہ کیا۔ نمائش 2019 میں ایک مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت ایک وکیل نے درخواست داخل کی تھی جس پر ہائی کورٹ نے نمائش کے انعقاد سے قبل محکمہ فائر، جی ایچ ایم سی، محکمہ برقی اور دیگر محکمہ جات سے این او سی حاصل کرنے کے بعد ہی نمائش کے انعقاد کیلئے حیدرآباد سٹی پولیس کو این او سی دینے کا حکم جاری کیا تھا اور متعلقہ عہدیداروں کو یہ ہدایت دی تھی کہ وہ نمائش میدان کا تفصیلی معائنہ کریں اور عوام کیلئے کئے جارہے احتیاطی اقدامات پر اطمینان کے بعد ہی این او سی جاری کرنے کیلئے کہا تھا۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے دیگر محکمہ جات اور نمائش سوسائٹی کے ارکان کے ساتھ آج معائنہ کیا۔ ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی سماعت 23 ڈسمبر کو مقرر ہے اور نمائش کے آغاز کیلئے ہائی کورٹ کی جانب سے قطعی فیصلہ متوقع ہے۔