نمازِ استسقاء کے فوراً بعد مکہ میں موسلادھار بارش

,

   

ریاض ۔ 16 نومبر (ایجنسیز) نمازِ استسقاء کی ادائیگی کے کچھ ہی وقت بعد مکہ مکرمہ میں اچانک بارش کا آغاز ہوا تو مسجد الحرام کا منظر نہایت روحانی کیفیت اختیار کرگیا۔ ہفتے کی صبح نمازِ فجر کے بعد برسنے والی بارش نے فضا کو معطر کردیا مگر عمرہ ادا کرنے والے لاکھوں زائرین نے اپنے معمولاتِ عبادت میں کوئی وقفہ نہیں آنے دیا۔ طوافِ کعبہ، دعاؤں اور ذکرِ الٰہی کے درمیان بارش کی ٹھنڈی بوندیں عبادت گزاروں کے لیے غیر معمولی روحانی تجربہ ثابت ہوئیں، جن کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہوگئیں۔مکہ ہی نہیں، مدینہ منورہ میں بھی زائرین اور مقامی باشندوں نے بارش کے دوران نمازِ جمعہ کی ادائیگی کا منفرد موقع پایا۔ سعودی میڈیا کے مطابق مملکت کے کئی علاقے جن میں مکہ، مدینہ، عسیر اور دارالحکومت ریاض شامل ہیں جہاں گزشتہ چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بارش کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط ڈرائیونگ کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ اس کے ساتھ سعودی نیشنل سنٹر آف میٹیورولوجی نے مزید بارشوں اور ممکنہ شدید موسمی حالات کے حوالے سے انتباہ بھی جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز پورے سعودی عرب میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی تھی جو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر ادا کی گئی۔ خطے کے دیگر ممالک، خصوصاً کویت اور قطر میں بھی اسی نوعیت کی دعائیں کی گئیں۔