نماز تراویح میں پہلے دہے کی تکمیل

   

ختم قرآن کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں خصوصی دعاء
حیدرآباد : رمضان المبارک کے پہلے دہے کا آج اختتام عمل میں آیا ۔ مکہ مسجد کے بشمول کئی مساجد میں ختم قرآن کے موقع پر کورونا سے انسانیت کو نجات خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ ایسی مساجد جہاںچاند رات سے تراویح میں 3 پاروں کا اہتمام تھا ان مساجد میں آج ختم قرآن کا اہتمام کیا گیا ۔ دیگر مساجد میں روزانہ سوا پارہ یا پھر 2 پاروں کی تلاوت کا انتظام ہے ۔ گزشتہ منگل سے رات 9 بجے سے کرفیو کے نفاذ کے باوجود پولیس نے تراویح کیلئے 10 بجے تک رعایت دی اور یہ رعایت ختم رمضان تک جاری رہے گی ۔ 3 پارے والی مساجد میں 10 بجے تک تراویح کی تکمیل کی گئی ۔ نائٹ کرفیو کے باوجود افطار اور تراویح کے موقع پر فرزندان توحید کے جذبہ عبادت میں کمی نہیں آئی ۔ مساجد میں معمول کے مطابق مصلی ہیں ۔ کورونا قواعد کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ مکہ مسجد میں ختم قرآن کے موقع پر ایمان افروز اور روحانی ماحول دیکھا گیا ۔ خطیب مکہ مسجد حافظ و قاری محمد رضوان قریشی جنہوں نے تراویح میں روزانہ 3 پارے تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کی آج رقت انگیز دعا کی ۔ عالم اسلام کی سربلندی ، ملک میں امن و امان ، بھائی چارہ اور انسانیت کو کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی ۔ اس مرتبہ مولانا مفتی عظیم الدین علیہ الرحمہ کی کمی محسوس کی گئی جو ہر سال ختم قرآن کے موقع پر خصوصاً دعا فرماتے تھے ۔ اسی دوران سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ دوسرے دہے میں نماز تراویح میں حافظ مولانا لطیف احمد روزانہ 3 پارے سنائیں گے ۔ نماز عشاء 8 بجے مقرر ہے اور 9.30 بجے تک تراویح مکمل کرلی جائیگی ۔