نماز جمعہ ادا نہ کرنے والے مسلمانوں کو سزائے قید

   

کوالالمپور۔4 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )اسلامی شرعی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے چھ مسلمانوں کو نماز جمعہ ادا نہ کرنے کی پاداش میں ایک ماہ کی سزائے قید سنائی گئی ہے جس نے اب یہاں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ کثیر المذہب والے اس ملک میں مذہبی قدامت پسندی میں اضافہ ہورہا ہے ، یوں تو ملائیشیاء میں نماز جمعہ ادا کرنا ہر مسلمان کیلئے فرض ہے لیکن ایسا شاذ و نادر ہی ہوا ہے کہ کسی کو نماز جمعہ ادا نہ کرنے پر سزا دی گئی ہو ۔ تمام افراد 17تا 35سال کے درمیان بتائے گئے ہیں اور جمعہ کے روز نماز کے وقت وہ لوگ بجائے نماز پڑھنے کے ایک آبشار کے قریب پکنگ مناتے ہوئے پائے گئے تھے ۔ جمعہ مسلمانوں کا اہم ترین مقدس دن ہے اور اسے عیدالمومنین بھی کہا جاتا ہے ۔ تمام مسلمانوں پر قید کے علاوہ 2400 تا 2500 رنگیت ( ملائیشیائی کرنسی) کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں ۔ اس دوران دائیں بازو کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل زید ملک نے کہا کہ اگر کوئی نماز جمعہ ادا نہیں کرتا ہے تو وہ اس کا شخصی معاملہ ہے ۔