نماز رب تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ

   

چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ پر معراج النبی ؐکانفرنس، مفتی محمد عدنان رضا قادری ، مفتی محمد ناظم رضا منظری
مفتی ثناء اللہ قادری کے خطابات
حیدرآباد۔17/جنوری( راست ) رب تعالیٰ کا عظیم احسان ہے کہ اس نے ہم سب کو اپنے محبوب نبی کریم ﷺ کی اُمت میں پیدا فرمایا ہے اور ہم کو یہ اعزاز بھی دیا گیا کہ ہمیں خیر اُمت کے لقب سے نواز گیا ۔ ہمیں نیکیو ں کی دعوت دینے والے ور برائیوں سے روکنے والی امت بناکر بھیجا گیا ۔ کیا ہم اس بات کو فراموش کرچکے ہیں کہ رب تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کے صدقے میں ہم پر کتنے احسانات فرمائے ہیں ۔ ذر اغورکریں ! ہمیں ایمان ، پاکیزگی ، عبادات ،حلال و حرام کا فرق ، نماز جیسا عظیم تحفہ ، ماہِ رمضان جیسا مہینہ ، روزوں جیسی روحانی عبادت ، حج جیسا عظیم مقصد عطا کیا گیا ۔ کیا ہم ان نعمتوں کی عظمت کو سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نہیں ۔ آج ہم نے اللہ اور اس کی اطاعت کو ترک کردیا ، دنیا کی چکاچوند اور مغربی تہذیب کے اثر نے ہماری نسلوں کو دین سے دور کردیا ہے ، کیا ہم اب بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھیں گے ۔ کیا ہم نے اپنے گھروں کے ماحول کو اسلامی ماحول بنایا ، کیا ہم نے اپنے گھر والو ںکو قرآن شریف کی تلاوت کا عادی بنایا ، کیا ہم نے خود نمازوں کی پابندی کی اور اپنے گھر والوں کو نماز کا پابند بنایا ، اس پر غور کرلیں کہ ہمارا عمل ! کیا حقیقی مسلمان جیسا ہے ، روزِ حشر جب ہم حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں پیش کئے جائینگے تو ہم کس صورت سے پیش ہونگے ۔مسلمانو ! جاگو اپنے دلو ں کو نور ایمان سے مزین کرو ،اپنے گھروں کو اسلامی گہوارہ بناو، اپنی نسلوں کے دلوں میں محبت رسول ﷺ ، اہلبیت و صحابہ کرام کو اُجاگر کرو ، اور انہیں دین کا سچا داعی بناؤ، بہترین اسلامی تعلیم و تربیت سے اپنی نسلوں کو آراستہ کرو تاکہ روزِ حشر حضور پاک ﷺ ہماری مثال پیش کریں کہ دیکھو میری اُمت کو ۔ ان خیالات کااظہارکل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی معراج النبی ﷺ کانفرنس منعقدہ 16 /جنوری جمعہ بعد عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے مہمانِ مقرر ، مفتی محمد عدنان رضا قادری (بریلی شریف) نے کیا ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں معروف ثناء خوانِ رسولؐ مسلک اسمٰعیل علی خاں اورمحمد مجتبیٰ محامد اخلاقی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔کانفرنس کی قیادت حضرت سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، نگرانی عالیجناب محمد شوکت علی صوفی کی ۔ محمد شاہد اقبال قادری نے مہمان مقررین استقبال کیا ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی ، ڈاکٹر حیدر یمنی ، محمد عظیم برکاتی، ڈاکٹر محمد عظمت رسول ، جناب سید اعزاز محمد قادری ، مولانا محمد عبدالماجد قادری ، مولانا ظہیر الدین رضوی ، مولانا باسط قادری ، مولانا امان رضا ، مولانا سید امجد حسینی چشتی ، مولانا محمد عبدالمقتدر قادری ، نے شرکت کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ثناء اللہ قادری ( بریلی شریف) نے کہا کہ عصرحاضر فتنوں کا دور ہے ۔ ہر مسلمان پر یہ فرض ہے کہ وہ دین اسلام پر مکمل عمل پیرا ہوجائے ، عشق رسول ؐ کو اپنے سینوں میں بسالے ، نمازوں کی پابندی کریں ، حضور کے اسوئہ حسنہ کو اپنائے پھر دیکھیں کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت آپ کے ایمان کے سامنے جھک نہ سکے گی ۔ معجزہ معراج النبی ﷺساری دنیا کیلئے ایک چونکادینے والا معجزہ ہے یہ نہ صرف روحانی معراج تھی بلکہ یہ جسمانی معراج بھی تھی کہ آقا ﷺ معراج کی شب اللہ رب العزت کی عظیم بارگاہ میں مہمان بن کر پیش ہورہے ہیں ۔ مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ کا سفر ، مسجد اقصیٰ میں حضور پاک ﷺ نے تمام انبیاء کرام کی امامت فرمائی، پھر مسجد اقصیٰ سے ساتوں آسمان تک اور پھر عرشِ اعظم سے قاب قوسین تک آپ کی رسائی، پھر رب تعالیٰ کی بارگاہ میں آپ کی مہمان نوازی اور آپ کی اُمت کو نماز جیسی بہترین عبادت کا تحفہ عطا کیا گیا ۔ آج مسلم نوجوان مسلسل نمازوں کو ترک کررہے ہیں جو یہ نہیں جانتے کہ نماز ہی میں دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے ۔ والدین اور سرپرست حضرات بھی اپنی نسلوں کو نماز کا پابند بنائیں ۔ مفتی محمد ناظم رضا منظری (امروہ مرادآباد )نے کہا کہ یہ رب تعالیٰ اور حضور اکرم کا بڑا احسان ہے کہ ہمیں اُمت مسلمہ میں پیدا فرمایا ور اپنے محبوب رسول کا عاشق بنایا ۔ آج وقت ہے مسلمانو ! اپنے دلوں میں جذبہ ایمانی اور عشق رسول ﷺ کی شمع کو روشن کرلو تاکہ دنیاکی کوئی بھی طاقت تمہیں نقصان نہ پہنچا سکے ۔ مولانا سید شاہ عبدالمقتدر حسینی رضوی قادری شرفی ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی )نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور رقت انگیز دعا پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔ محمد اسلم اشرفی ، محمد عادل اشرفی ، سید لئیق قادری ، محمد عبدالمنان عارف قادری ، عبید اللہ سعدی قادری شرفی ، عبدالکریم رضوی ، سید طاہر حسین قادری نے انتظامات کئے ۔