ظہیر آباد میں پیش آیا واقعہ ۔ متوفی کی تین ماہ قبل ہوئی تھی شادی
حیدرآباد 13 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے ظہیر آباد ٹاؤن میں نماز جمعہ کیلئے روانہ ہوئے ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا اور اس کی نعش ایک کنویں سے دستیاب ہوئی جو بہت قدیم اور ویران بتایا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب متوفی کی شناخت 25 سالہ محمد تاج الدین کی حیثیت سے ہوئی اور وہ ظہیر آباد کے فیض نگر سے تعلق رکھتے تھے ۔ تاج الدین ہفتے کو دوپہر نماز ظہر کیلئے گھر سے روانہ ہوئے تاہم وہ گھر واپس نہیں ہوئے ۔ ان کی موٹر سائیکل جامع مسجد کے قریب پائی گئی ۔ پولیس کو آج اطلاع ملی کہ ایک نعش رحمت نگر میں واقع کنویں میں دیکھی گئی ہے ۔ پولیس وہاں پہونچی نعش کو باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ تاج الدین کے جسم پر گہرے زحموں کے نشان ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں تیز دھاری ہتھیاروں سے قتل کردیا گیا اور نعش کو کنویں میں پھینک دیا گیا ۔ ابھی یہ پتہ نہیںچل سکا کہ تاج الدین کے قاتل کون ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ تاج الدین ایک خانگی کمپنی کے ملازم تھے اور صرف تین ماہ قبل ان کی شادی ہوئی تھی ۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔ ش