ہائی کورٹ ایڈوکیٹ محمد معین الدین احمد قادری کے مستحسن اقدام کی ستائش
یلاریڈی۔/19اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ کے متوطن و نامور شخصیت جناب محمد معین احمد قادری ہائی کورٹ ایڈوکیٹ جو اپنی سماجی خدمات کیلئے پہلے ہی سے معروف ہیں ‘ انہوں نے لنگم پیٹ مستقر کے 65 بارہ سال عمر والے اور اس سے کم عمر والے بچوں کو لگاتار 40 دنوں تک پنج وقتہ نماز ادا کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان معصوم بچوں میں 65 جدید سائیکلیں تقسیم کرنے کیلئے مسلمان بچوں میں ذوق عبادت کو برقرار رکھنے کیلئے ان تمام کو اپنے فارم ہاوز پر 26 رمضان المبارک کو دعوت افطار کا اہتمام کرتے ہوئے سائیکلیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر مدرسہ جامعہ غوثیہ رضویہ لنگم پیٹ کے بانی مولانا محمد ابوالحسن علی رضوی نے ایڈوکیٹ معین احمد قادری کی اس خدمت کو سراہا اور ہر گوشہ سے ان کے اس فیصلہ کی ستائش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناب معین احمد قادری نے منڈل مستقر پر عید گاہ کو سی سی کرنے اور بورویل کے ساتھ حصار بندی کرنے کیلئے 16 لاکھ روپئے کی مالی مدد کی ہے ۔اس کے علاوہ موصوف نے مدرسہ جامعہ غوثیہ رضویہ کی دوسری منزل کی تعمیرات کیلئے 18 لاکھ روپئے خرچ کرکے تعمیر کروایا ہے جو اپنی جگہ ایک مثال ہے۔ ایسے تو جناب معین احمد قادری کی سماجی و ملی مذہبی خدمات بے شمار ہیں ، ان کی یہ خدمات مسلم کمیونٹی کی جائیدادوں کا تحفظ کرنے اور ان تمام جائیدادوں کو مستند کرنے میں کارآمد ثابت ہورہی ہیں۔ ان کی یہ خدمات بلا لحاظ مذہب و ملت تمام طبقات کیلئے جاری رہنا بھی کسی تعریف سے کم نہیں۔آج کے اس پُرآشوب دور میں قوم کا درد رکھنے، عید گاہ و قبرستان، مدرسہ، درگاہیں، مساجد کیلئے مثالی مالی امداد کرنا ان کی حفاظت کرنا قابل تعریف ہے۔ اللہ رب العزت اس طرح کی خدمت خلق کے کام اپنے خاص بندوں سے ہی لیا کرتا ہے۔ 40 روز لگاتار نمازوں کی پابندی کرنے کے بعد تحفہ میں سائیکل ملنے کے بعد معصوم نمازیں کے چہروں پر خوشی کو دیکھ کر تمام مسلمانوں نے جناب معین احمد قادری کے اس اقدام کی والہانہ تعریف کی اور اللہ سے دعاء کی کہ موصوف سے اس طرح قوم کی خدمت لیتا رہے اور انہیں اسی طرح نوازتا رہے اور اس طرح کی خدمت خلق کا سلسلہ چلتا رہے۔ اس موقع پر محمد عبدالقدیر، محمد عبدالوہاب، محمد فتح الدین، محمد ریاض الدین، محمد وسیم، محمد صادق، یوسف خان، کاشف ، محمد ابراہیم اور دوسرے موجود تھے۔