جیمی سن مقابلے اور ٹم ساؤتھی سیریز کے بہترین کھلاڑی
کرائسٹ چرچ ۔ 2 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جس نے دورہ نیوزی لینڈ کا عالمی ریکارڈ کے ساتھ آغاز کیا تھا اسے ٹسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے ساتھ دورہ کا اختتام کرنا پڑا ہے ۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ڈھائی دن میں ہندوستان کو 7 وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ 180 نشانات کے ساتھ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنی کمزوریوں پر قابوپانے میں ناکا م ہوئی اور میزبان ٹیم کو جیت کے لئے صرف 132 رنزکا نشانہ دیا۔ نیوزی لینڈ نے تین وکٹیں گنوا کر مطلوبہ نشانہ آسانی سے حاصل کرلیا۔ ٹیم نے پہلی اننگز میں 242 رنز بنائے تھے ، جس کے بعد ہندوستانی بولروں نے نیوزی لینڈ ٹیم کو پہلی اننگز 235 میں رنز پرآل آؤٹ کردیا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں نے اپنے ہی بولروں کی سخت محنت کوضائع کردیا اور دوسری اننگز میں ٹیم صرف 124 رنز پرآل آؤ ٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کے سامنے آسان ہدف رکھا۔ دوسری اننگز میں ، ٹام لیتھم نے 52 ، ٹام بلینڈل نے 55 رن اورکین ولیمسن نے 5 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 235 رنز پر روکنے میں کامیاب ہونے والی ہندوستانی ٹیم نے دوسرے ہی دن اپنی دوسری اننگز میں 90 رنز پر چھ وکٹیں گنوا دیں۔ ایک مرتبہ پھرہندوستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوا۔ چیتشور پجارا نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 24 رنز بنائے۔ تاہم ، ایک وقت میں سب کو ہنوما ن وہاری اور رشبھ پنت سے توقعات تھیں جو دوسرے دن کچھ بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے۔ تیسرے دن دونوں نے ہندوستانی اننگز کو 90 رنز سے آگے بڑھا کر دن کا کھیل شروع کیا لیکن صرف 47 منٹ میں ہی ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ 97 رنز پر ہندوستان کو دن کا پہلا دھکا ہنوما ن وہاری کی شکل میں لگا۔ اس کے بعد 97 رنز پر ہی پنت آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد رویندرجڈیجہ ، محمد سمیع اور جسپریت بمراہ کے ساتھ مل کر اننگزکو124 رنز تک پہنچایا۔ جڈیجہ 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہنوما وہاری نے9 اورپنت نے4 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے لئے بولٹ نے چاراور ٹم ساوتھی نے 3 وکٹیں لیں۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں جر جسپریت بمراہ نے میزبان نیوزی لینڈ کو پریشان کیا لیکن ٹیم میچ کو نہیں بچاسکی کیوں کہ ہدف بڑا نہیں تھا۔ اومیش یادو نے لیتھم اور بلنڈل کے مابین پہلی وکٹ کیلئے 100 رنزکی بڑی شراکت توڑ دی۔ یادو نے لیتھم کو پنت کے ہاتھوں 52 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بمراہ نے نیوزی لینڈکے کپتان کین ولیم سن کو 5 رن بنانے کے بعد اجنکیا رہانے کے ہاتھوں آؤٹ کروادیا اوراس کے بعد ٹول بلنڈل کو 55 کے اسکور پربمراہ نے بولڈ کیا۔
