نمبر4 پر بیٹنگ کیلئے تیار ہوں:پجارا

   

نئی دہلی۔16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ٹسٹ بیٹسمین کی شناخت کے حامل ہندستانی کرکٹ ٹیم کے مسٹر بھروسہ مند چتیشور پجارا نے کہا ہے کہ اگر انہیں ونڈے میں موقع دیا جاتا ہے تو وہ چار نمبر پر خود کو ثابت کر سکتے ہیں۔ پجارا نے یہاں انڈین آئل کی کھیل کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔ کھیل کانفرنس میں پجارا کے ساتھ قومی بیڈمنٹن کوچ پلیلا گوپی چند، ڈبلز ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا، ٹیبل ٹینس کھلاڑی اچنت شرت کمل اور ارچنا کامت اور نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا بھی موجود تھے۔ ورلڈکپ میں ہندستانی ٹیم کی کارکردگی اور کوچ روی شاستری کے چوتھے نمبر پر ایک مضبوط بیٹسمین کی کمی کے سوال پر پجارا نے کہاکہ میں نے گھریلو کرکٹ میں گزشتہ ایک سال میں چھوٹے فارمیٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ میں ٹسٹ میں بھی مضبوطی کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہوں۔ جب میں ٹسٹ میں اچھا کر سکتا ہوں تو میں ونڈے میں بھی اچھی کارکردگی کر سکتا ہوں۔ پجارا نے کہاکہ لیکن ٹیم میں منتخب کیا جانا میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔ ایک اچھے بیٹسمین کے طور پر میری خواہش ہے کہ میں کھیل کے تینوں فارمیٹ میں کھیلوں اور میرے اندر یہ کر پانے کی صلاحیت ہے۔ میرے اندر اب بھی ونڈے میں کھیلنے کی خواہش باقی ہے۔ ورلڈکپ میں ہندستانی ٹیم سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہوئی۔ ٹورنمنٹ میں ہندستانی بیٹنگ کا سب سے کمزور پہلو چوتھا نمبر رہا تھا جہاں لوکیش راہول، ہردک پانڈیا اور رشبھ پنت کو آزمایا گیا لیکن ان میں سے کوئی بھی ایک بھی نصف سنچری نہیں بنا سکا ۔