جشن یوم آزادی کے ضمن میں ٹوئیٹ ، خوشگوار دوستی کا حوالہ
نئی دہلی۔/15اگسٹ ، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اس معاملہ میں آر ایس ایس اور مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کا اہم رول رہا ہے ۔ اب تو مودی جی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے گہری دوستی کا دعویٰ بھی کرنے لگے ہیں۔ ویسے اسرائیل کو ہندوستانی مفادات اور اس کی دوستی سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ اپنے تجارتی و دفاعی مفادات سے دلچسپی ہے۔ اسرائیل کو اندازہ ہے کہ اسرائیل کیلئے ہندوستان بہت بڑی مارکٹ ہے جہاں وہ اپنے پراڈکٹس بالخصوص زرعی اور سائینسی شعبہ کے پراڈکٹس کی غیر معمولی انداز میں مارکیٹنگ کرسکتا ہے۔ وزیر اعظم اسرائیل مودی سے کافی قربت کا اظہار کرتے رہتے ہیں چنانچہ انہوں نے ہندوستان کے آزادی کے موقع پر ’ نمستے ‘ کہتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔ 73 ویں یوم آزادی تقریب کے ضمن میں اپنے پیام مبارکباد میں نیتن یاہو نے جو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بھی قریبی تعلقات رکھتے ہیں دونوں ملکوں کے تعلقات کو سچی دوستی سے تعبیر کیا۔