احمد آباد۔ گجرات کانگریس کے صدر امیت چاوڈا نے آج ریاستی اسمبلی میں ادعا کیا کہ ریاست کی وجئے روپانی حکومت نے عالمی تنظیم صحت اور مرکز کی جانب سے کورونا وائرس کے پھوٹنے کے انتباہ کو نظرانداز کردیا تھا اور اس نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے استقبال میں نمستے ٹرمپ پروگرام بھی منعقد کیا ۔ یہ پروگرام موتیرا میں اسٹیڈیم میں 24 فبروری کو منعقد ہوا تھا اور اس میں ایک لاکھ افراد نے شرکت کی تھی ۔ امیت چاوڈا نے کہا کہ چین میں کورونا وباء کے پھوٹ پڑنے کے بعد عالمی تنظیم صحت نے 30 جنوری ہی کو ہیلت ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور تمام ممالک کو انتباہ جاری کردیا تھا ۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ بڑے اجتماع منعقد نہ کریں اس کے باوجود گجرات حکومت نے نمستے ٹرمپ پروگرام منعقد کیا تھا ۔ چاوڈا نے گورنر کے خطبہ پر تحریک تشکر کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ جب حکومت کو عوام کو اس وباء کے تعلق سے خبردار کرنا تھا اس نے نمستے ٹرمپ جیسا پروگرام منعقد کیا تاکہ پارٹی کی سیاسی توقعات پوری کی جاسکیں۔ بی جے پی ترجمان یامل ویاس نے تاہم اس الزام کی تردید کی اور کہا کہ نمستے ٹرمپ پروگرام اور کورونا وائرس کے پھیلنے کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔