نمس میں پھیپھڑوں کی پہلی پیوند کاری کیلئے گرین چینل کا انتظام کیاگیا

   

حیدرآبادیکم دسمبر(یو این آئی) حیدرآباد کے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس)میں پھیپھڑوں کی پہلی پیوند کاری کی سرجری آج انجام دی گئی۔ 47سالہ یومیہ اجرت پرکام کرنے والی ذہنی طورپر مردہ خاتون کے پھیپھڑے شہرحیدرآباد کے مادھاپور کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل سے نمس پنجہ گٹہ کو صبح گرین چینل کے ذریعہ منتقل کئے گئے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے اس مقصد کیلئے گرین چینل کا انتظام کیاگیا تھا۔ عطیہ دیئے گئے پھیپھڑوں کو مادھاپور سے پنجہ گٹہ 11کیلومیٹر کے راستہ کو 11 منٹ میں مکمل کیاگیا۔ مادھاپور کے پرائیویٹ ہاسپٹل سے ایمبولنس پھیپھڑوں کے ساتھ صبح 7.40بجے روانہ ہوئی اور 7.51بجے نمس پہنچی۔ یہ پھیپھڑے 19سالہ لڑکی کیلئے ہیں جس کے پھیپھڑے کورونا وائرس سے روبہ صحت ہونے کے بعد متاثر ہوگئے تھے ۔ 27نومبر کو سُشیلا نامی خاتون کو بوئن پلی مین روڈ پر سڑک عبور کرنے کے دوران ٹووہیلر نے ٹکر دے دی۔ زخمی خاتون کو علاج کیلئے مقامی ہاسپٹل لایاگیاتھا ۔بعد ازاں اس کوبہتر علاج کیلئے کارپوریٹ اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس کی حالت میں بہتری نہیں ہوئی اور اس کو ذہنی طورپر مردہ قراردیاگیا۔ رشتہ داروں نے اس کے اعضا کا عطیہ جیون دان کے تحت دینے کا فیصلہ کیا۔