نمس میں ڈاکٹرپر مریض کے رشتہ داروں کا حملہ

   

حیدرآباد 2مارچ(سیاست نیوز) مریض کی موت پر علاج میں لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے شہر حیدرآباد کے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس)میں مریض کے رشتہ داروں کی جانب سے ڈاکٹر پر حملہ کا واقعہ پیش آیا جس میں ڈاکٹر معمولی زخمی ہوگیا۔یہ مریض ایمرجنسی وارڈ میں زیرعلاج تھا تاہم اس کے رشتہ داروں نے علاج میں لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے ڈاکٹر پر حملہ کردیا ۔اس واقعہ کے خلاف ڈاکٹرس نے احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔ان ڈاکٹرس نے کہا کہ کچھ دنوں سے ڈاکٹرس پر حملوں کے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں ۔وزیرصحت سے شکایت کی جائے گی ۔انہوں نے اسپتال میں اسپیشل پروٹکشن فورس سمیت سی سی کیمرے بھی نصب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ ڈاکٹرس پرحملوں کے واقعات کو روکا جاسکے ۔ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔