نمس میں کئی اہم شخصیتیں کورونا کے تحت زیر علاج

   

حیدرآباد۔ حیدرآباد کے نمس میں کورونا سے متاثرہ اہم شخصیتیں اپنا علاج کرارہی ہیں۔ کارپوریٹ ہاسپٹلس سے رجوع ہونے پر سوشیل میڈیا میں تنقیدوں کو دیکھتے ہوئے برسر اقتدار پارٹی کے اہم قائدین نے نمس میں علاج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک رکن اسمبلی اور سابق رکن اسمبلی کے علاوہ ایک ضلع کلکٹر نمس میں کورونا کے تحت زیر علاج ہیں۔ انہیں خصوصی رومس فراہم کئے گئے ہیں۔ نظام آباد ضلع کے آرمور اسمبلی حلقہ کے رکن جیون ریڈی، بھدراچلم کے سابق رکن اسمبلی کے سامبا سیوا راؤ اور کریم نگر کے ضلع کلکٹر کے ششانک کا نمس میں علاج جاری ہے۔ نمس میں ابھی تک کورونا سے متاثر ہونے والے ڈاکٹرس اور سرکاری ملازمین کا علاج کیا جارہا تھا لیکن اب اہم شخصیتیں بھی نمس سے رجوع ہورہی ہیں۔ نمس میں برسر خدمت ڈاکٹرس، ملازمین اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاوہ ان کے افراد خاندان کا کورونا ٹسٹ کیا جارہاہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک 3000 سے زائد افراد کا ٹسٹ کیا گیا۔