صحتمند افراد پر ویکسین کا تجربہ کیا جائے گا
حیدرآباد: نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (نمس) نے کووڈ۔19 ویکسین کے تجربہ کیلئے والینٹرس کی تلاش شروع کردی ہے۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ اور بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل لمٹیڈ کی جانب سے ویکسین تیار کی جارہی ہے ۔ ملک کے دیگر نامور ہاسپٹلس کے علاوہ انسانی تجربے کے لئے نمس کا انتخاب کیا گیا۔ تجربہ کیلئے ریاست بھر سے والینٹرس کا انتخاب کیا جائے گا ۔ نمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر کے منوہر نے بتایا کہ ہم کلینیکل ٹرائیلس میں حصہ لینے کیلئے ریاست بھر سے 30 تا 40 صحت مند افراد کی تلاش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کے تجربہ کے سلسلہ میں وقت ضائع کئے بغیر ہاسپٹل کی ایتھیکل کمیٹی نے تجربہ کی اجازت دے دی ہے۔ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائینس کے مطابق یہ تجربہ کیا جائے گا ۔ تجربہ کیلئے منتخب کئے جانے والے افراد کو ہیلت چیک اپ اور بلڈ انالیسیس سے گزرنا ہوگا۔ کووڈ۔19 ویکسین کی پہلی ڈوز دیئے جانے سے قبل یہ دونوں تجربات کئے جائیں گے۔ تجربہ کے نتائج سے انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کو واقف کرایا جائے گا۔