وینٹلیٹر اور آئی سی یو بیڈس میں اضافہ، تمام مریضوں کو دوپہر کا کھانا فراہم کرنے کی ہدایت، مریضوں سے ملاقات
حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میں غریبوں کو بہتر اور عصری علاج کی فراہمی کیلئے 154 کروڑ سے عصری آلات اور انفرااسٹرکچر کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے نمس میں وینٹلیٹر اور آئی سی یو بستروں کی تعداد میں اضافہ کیلئے احکامات جاری کئے۔ ہریش راؤ نے آج نمس میں ملٹی ڈسپلینری ریسرچ یونٹ، بون ڈینسیٹو میٹر اور دیگر عصری آلات کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ طرز پر نمس میں عصری علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور حکومت نے 154کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری شعبہ میں ہڈیوں کی طاقت کا پتہ چلانے سے متعلق آلات پہلی مرتبہ نمس میں فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نمس میں وینٹلیٹر بیڈس کی تعداد 89 ہے اور حکومت نے مزید 120 وینٹلیٹر بیڈس کی منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ آئی سی یو بستروں کی تعداد 155 ہے اور تاہم حکومت نے مزید 200 آئی سی یو بستروں کی منظوری دی ہے۔ اس طرح نمس میں آئی سی یو بستروں کی تعداد بڑھ کر 350 ہوجائے گی جبکہ وینٹلیٹر بیڈس 209 ہوجائیں گے۔ ہریش راؤ نے ڈائرکٹر نمس کو ہدایت دی کہ 15 جنوری تک دونوں بستروں کی تعداد میں اضافہ کردیا جائے۔ اس طرح نمس میں بستروں کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ مختلف شعبہ جات کے ڈاکٹرس نے عصری آلات کی ضرورتوں سے واقف کرایا جن میں روبوٹک سرجری آلات بھی شامل ہیں۔ کسی بھی پیچیدگی سے بچتے ہوئے روبوٹک سرجری کی جاتی ہے اور پہلی مرتبہ سرکاری شعبہ میں اسے متعارف کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ غریبوں کا بون نیرو ٹرانسپلاٹیشن مفت میں آروگیہ شری کے تحت کیا جارہا ہے اور اس کے 8 بستر موجود ہیں۔چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری سطح پر علاج کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے شہر کے اطراف 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کو منظوری دی ہے۔ گچی باؤلی، الوال، گڈی انارم اور چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ میں یہ ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں جس کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف امراض کا شکار حاملہ خواتین کے علاج کی سہولت کیلئے نمس میں گائناکالوجی یونٹ قائم کیا جائے گا۔ عنقریب 200 بستروں پر مشتمل جی ایچ ایم سی ہاسپٹل کو نمس سے مربوط کیا جائے گا۔ اس طرح ہائی رِسک ڈیلیوری کیسس کا کامیابی سے علاج کیا جاسکے گا۔ ہریش راؤ نے نمس میں مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے بات چیت کی۔ مریضوں نے بتایا کہ آروگیہ سری کے مریضوں کو دوپہر کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے جبکہ دیگر مریض اس سہولت سے محروم ہیں۔ ہریش راؤ نے ڈائرکٹر نمس کو ہدایت دی کہ تمام مریضوں کو دوپہر کا کھانا بلا امتیاز سربراہ کیا جائے تاکہ ڈاکٹرس کی ہدایت کے مطابق ہر مریض کو درکار غذا میسر ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب نمس کے احاطہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے 5 روپئے میں کھانے کا مرکز قائم کیا جائے گا تاکہ مریضوں کے تیمار داروں کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد نمس کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نمس میں 85 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے جبکہ صرف 15 فیصد مریض چارجس ادائیگی زمرہ کے ہیں۔ر