نمس کو 4 ہزار بستروں والا دواخانہ بنانے حکومت کا منصوبہ،نئی عمارت میں اضافی شعبہ جات

   

حیدرآباد ۔ یکم ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے والا ریاست تلنگانہ کے ایک بڑے دواخانہ حیدرآباد میں موجود نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( نمس ) میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور اس کے موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور اسے وسعت دینے کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ترقی دینے کے اس پروگرام کے سلسلہ میں نمس ، جس میں فی الوقت تقریبا 1500 بیڈس ہیں ، ایک 4000 بستروں والا دواخانہ بن جائے گا چونکہ اس دواخانہ میں مریضوں کے شریک ہونے میں اضافہ ہورہا ہے اور اس میں مزید چند شعبہ جات اور انفراسٹرکچر کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے اس لیے عہدیداروں نے اس ہاسپٹل کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق حکومت پنجہ گٹہ کالونی میں دستیاب گورنمنٹ کوارٹرس میں اس دواخانہ کو وسعت دینے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ فی الوقت اس دواخانہ میں اکیڈیمکس ، انوسٹیگیشن اینڈ ریسرچ کے ساتھ 30 سے زائد ضروری شعبہ جات ہیں ۔ ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نمس کے صدر ہونے کے ناطے اس دواخانہ میں غریب مریضوں کیلئے مفت میں کارپوریٹ دواخانوں جیسی علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں اس دواخانہ کو وسعت دینے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس ہاسپٹل میں میڈیکل انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کی شروعات جنگی خطوط پر ہوگی ۔ دریں اثنا ، نمس نے اس کی اولڈ اسپائنل کارڈ بلڈنگ کے گراونڈ فلور کی مرمت اور تزئین نو کرنے کے لیے رجسٹرڈ فرمس ، کنٹراکٹرس اور مینوفکچررس سے ٹنڈرس طلب کئے ہیں ۔ اس میں دلچسپی رکھنے والے ای پروکیورمنٹ پلیٹ فارم کے ذریعہ اس میں حصہ لے سکتے ہیں اور eprocurement.gov.in پر ٹنڈر فارم بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔ ٹنڈرس کی وصولی کی آخری تاریخ 5 نومبر ہے ۔ نمس کے علاوہ ریاستی حکومت شہر کے چار مختلف حصوں میں چار ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹلس بھی قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ حال میں وزیر عمارات و شواع وی پرشانت ریڈی نے نمس کو وسعت دینے ، مختلف میڈیکل کالجس اور قائم ہونے والے ہاسپٹلس کے ڈیزائن پلانس کا جائزہ لیا ۔۔