نمس کے پروفیسرس کی سبکدوشی عمر میں اضافہ پر زور

   

وزیر صحت و طبابت تلنگانہ ایٹالہ راجندر سے ڈاکٹرس کے وفد کی نمائندگی

حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے ایک وفد نے وزیر صحت و طبابت تلنگانہ مسٹر ای راجندر سے ملاقات کی اور انسٹی ٹیوٹ ہذا میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی عمر کو 65 سال کرنے کی پرزور خواہش کی اور بتایا کہ ریاست کے گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں بحیثیت پروفیسرس خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کی عمر کو 58 سال سے بڑھاکر 65 سال کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے گزشتہ سال ماہ جون میں احکامات جاری کئے گئے تھے اور ڈائرکٹر آف میڈیکل ایجوکیشن کے تحت پائے جانے والے تمام گورنمنٹ میڈیکل کالجوں میں مذکورہ احکامات پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ لیکن ان احکامات پر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ۔ نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس چونکہ ایک خود مختار ادارہ (دواخانہ) ہے اور اس ادارہ کے ڈائرکٹر کی جانب سے مذکورہ احکامات پر عمل آوری کی جانی چاہئیے ۔ وفد نے وزیر کو اس بات سے واقف کروایا کہ آئندہ دو ماہ میں نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینس کے تین پروفیسرس وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے والے ہیں ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان پروفیسرس کی سبکدوشی سے قبل ان کی عمر کو بڑھاکر 65 سال کردینے کے احکامات پر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس میں خدمات انجام دینے والے پروفیسرس کیلئے قابل عمل بنانے کے اقدامات کرنے کی خواہش کی اور اس سلسلہ میں ایک تفصیلی یادداشت وفد کی جانب سے وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر کو پیش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر موصوف نے ہمدردانہ غور کرکے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ۔