گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوند کاری کیلئے 35 کروڑ منظور : وزیر صحت ایٹالہ راجندر
حیدرآباد: وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں بائیومیٹرک حاضری نظام پر فوری عمل کرنے اور اس کیلئے درکار ٹیکنالوجی مربوط کرنے کی ذمہ داری ٹی ایس ایم ایس ڈی سی کے حوالے کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف اُمور کا جائزہ لیا اور کئی اہم فیصلے کئے۔ ڈینٹل ہاسپٹل پہنچنے والے مریضوں کو ڈینٹل ایمپلانٹس مفت فراہم کرنے، نمس ہاسپٹل میں آئی سی یو بیڈس کی تعداد 500 تک بڑھانے پر زور دیا۔ سروجنی آئی ہاسپٹل کو عصری آلات فراہم کرنے، گاندھی ہاسپٹل میں اعضاء کی پیوند کاری کیلئے عصری آپریشن تھیٹرس کے قیام کیلئے 35 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ مستقبل میں منڈل ہیڈکوارٹرس پر بھی ڈائیلاسیس مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں مسائل کی یکسوئی کیلئے فوری توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ صحت میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کیسیس بڑی حد تک گھٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے چند ہاسپٹلس کو کووڈ فری ہاسپٹل میں قرار دیا گیا۔ تنفس کے مسائل کا شکار افراد چیسٹ ہاسپٹل اور دوسرے امراض میں مبتلا افراد کا گاندھی ہاسپٹل اور ٹمس ہاسپٹل میں کووڈ علاج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی ٹیکہ اندازی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ محکمہ صحت میں 1400 افراد کو ترقی دی گئی ہے۔