نمس ہاسپٹل میں سوپر اسپیشالیٹی خدمات

   

عنقریب پیڈیاٹرک اور ای این ٹی سہولیات، خانگی ہاسپٹلس کے طرز پر سہولتوں کا دعویٰ
حیدرآباد۔/2 ستمبر، ( سیاست نیوز) نظام انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( نمس ) میں سوپر اسپیشالیٹی خدمات میں توسیع کی جارہی ہے۔ ہاسپٹل کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بہترین طبی سہولیات کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ سرکاری دواخانوں سے خوف کا شکار و بے رُخی اختیار کرنے والے شہریوں کے دل و دماغ کو بدلنے کیلئے منفرد انداز کی سہولیات کو فراہم کیا جارہا ہے۔ نمس میں بچوں کیلئے وارڈ ( پیڈیا ٹرک ) کے علاوہ کان، ناک اور حلق ( ای این ٹی ) کے ساتھ مزید تین نئے شعبوں سے متعلق سوپر اسپیشالیٹی خدمات کو دستیاب رکھا جائے گا۔ اس ضمن میں حالیہ دنوں چیف سکریٹری سومیش کمار نے نمس کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات چیت کی۔ سرکاری شعبہ کے نمس ہاسپٹل میں علاج کے لئے مریضوں کو خانگی دواخانوں کے مقابل 40 فیصد کم اخراجات ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نمس سے رجوع ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ اس ہاسپٹل میں 37 قسمکے سوپر اسپیشالیٹی خدمات دستیاب ہیں۔ بالخصوص نیرولوجی، کارڈیالوجی، یورولوجی، اکنالوجی ۔ ارتھو پیڈک، نیفرالوجی، کارڈیو تھوراسک، نیورو سرجری، گیاسٹرو انٹرالوجی و دیگر خدمات خانگی ہاسپٹل کی طرز پر فراہم کی جاتی ہیں۔مریضوں کی کثیر تعداد کے حساب سے سہولیات کی فراہمی میں ہاسپٹل ناکام ہوگیا ہے۔ آؤٹ پیشنٹ شعبہ میں بہت زیادہ دباؤ پایا جاتا ہے۔ پیر اور منگل کے دن آؤٹ پیشنٹ کی تعداد 1500 تا2000 سے تجاوز کرجاتی ہے تو دوسری طرف ایمرجنسی خدمات میں وینٹی لیٹرس کی عدم دستیابی سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے مریضوں کی کثیر تعداد اور ضروریات کے لحاظ سے خدمات میں توسیع کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔