نمک روٹی کھالیں گے لیکن بی جے پی کے غلام نہیں بنیں گے :ڈاکٹر انصاری

   

رانچی، یکم جولائی (یو این آئی ) جھارکھنڈ حکومت کے صحت،خوراک کی فراہمی اورقدرتی آفات کے محکمے کے وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے آج کہا کہ بی جے پی قبائلی ووٹوں کو تقسیم کرکے ہمارے سماج کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ میں تمام نوجوان قبائلیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کے چالاک، شیطانی ذہن کو پہچانیں اور ہوشیار رہیں۔ یہ وہی بی جے پی ہے جو آر ایس ایس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے قبائلی شناخت کو کچلنا چاہتی ہے ۔ لالچ، جھوٹے وعدے اور ذات پات کی نفرت ان کے ہتھیار ہیں۔ وہ 18 سال یاد کریں جب رگھوور داس اور بی جے پی نے جھارکھنڈ کو تباہی کی آگ میں جھونک دیا تھا۔ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ ہم روٹی اور نمک کھالیں گے ، چاول اور پانی پر زندہ رہیں گے ، ضرورت پڑی تو بھوکے بھی رہیں گے لیکن بی جے پی جیسے دلالوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے ، کبھی ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔