11 افراد کو غرقاب ہونے سے بچالیا گیا
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے نندیال ضلع میں کشتی اُلٹ جانے کا واقعہ پیش آیا جس میں پولیس اور امدادی ٹیموں نے 11 افراد کو غرقاب ہونے سے بچالیا جبکہ ایک خاتون کی موت واقع ہوئی۔ ایک اور خاتون ہاسپٹل میں علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ کشتی میں سوار ایک شخص لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ نندیال ضلع میں واقع ایک ذخیرہ آب میں 12 سیاحوں کے ساتھ کشتی بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔ اتوار کی تعطیل کے سبب ذخیرہ آب میں سیاحوں کی بھیڑ جمع ہوتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ رسول نامی شخص جو کوئلہ کنٹلہ پولیس اسٹیشن میں اسپیشل برانچ کانسٹبل کی حیثیت سے وابستہ ہیں آج اتوار کے دن اپنے افراد خاندان کے ساتھ تفریح کیلئے ذخیرہ آب آئے تھے۔ افراد خاندان کے ساتھ وہ کشتی میں سوار تھے کہ کشتی اچانک بے قابو ہوکر اُلٹ گئی۔ ماہر تیراکوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے 11 افراد کو غرقاب ہونے سے بچالیا جبکہ عائشہ بی نامی خاتون فوت ہوگئیں جبکہ نورجہاں ہاسپٹل منتقلی کے دوران جانبر نہ ہوسکیں۔ سیاحوں نے لائف جیاکٹس پہنی تھی جس کے نتیجہ میں بیشتر افراد غرقاب ہونے سے بچ گئے اور انہیں باآسانی بچالیا گیا۔ر