رکن پارلیمنٹ ڈی اروند کو دیہاتوں میں داخلے سے روک دیا گیا ، دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کا ایک دوسرے پر حملہ ، پولیس کا لاٹھی چارج
نظام آباد : رکن پارلیمان نظام آباد بی جے پی مسٹر ڈی اروند کے آرمورحلقہ کے نندی پیٹ منڈل کے دورہ کے موقع پر ٹی آرایس ، بی جے پی کے درمیان زبردست ٹکرائو دیکھا گیا اور ٹی آرایس نے اروند کے دورہ میں خلل پیدا کرتے ہوئے آلور میں دھرما پوری اروند کو دیہات میں داخل ہونے سے روکتے ہوئے بڑے پیمانے پر راستہ میں ٹریکٹرس ٹائر ڈال کر سڑک پر اروند کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے بیٹھ گئے ۔ نندی پیٹ دورہ کے موقع پر اروند سے دورہ نہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے پولیس نے اروند کو آرمور میں روک دیا تو اروند بڑے پیمانے پر مامڑی پلی چوراستہ پر راستہ روکو احتجاج کرتے ہوئے بیٹھ گئے اور ٹی آرایس و پولیس کیخلاف مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک پر بیٹھے رہے ۔ اس موقع پر اروند نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نندی پیٹ منڈل کے دیہاتوں میں رکن پارلیمنٹ کے فنڈس سے ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد کیلئے کل سے ہی پولیس کو دورہ کی اطلاع دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود بھی پولیس بی جے پی اور ٹی آرایس کارکنوں کو روکنے میں ناکام رہی ۔ پولیس کی جانب سے بی جے پی کے ساتھ ہی غیر ذمہ دارانہ سلوک کیا جارہا ہے اور بی جے پی کو ہی کوویڈ قواعد کے بارے میں آگاہ کیا جارہا ہے ۔ آلور و دیگر مقامات پر سینکڑوں کارکن سڑک پر انہیں روکنے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں لیکن پولیس خاموش تماشائی ہے ۔پولیس کے روکنے کے باوجود بھی اروند ایسا پور کیلئے روانہ ہوگئے ۔ پہلے ہی ایسا پور میں اروند کے دورہ کے خلاف وہاں پر موجود انتظار کرنے والے ٹی آرایس کارکنوں نے اروند کے قافلہ پر حملہ کردیا اروند اور ان کے حامیوں کے کاروں کو نقصان پہنچاتے ہوئے اروند اور بی جے پی کارکنوں کا پیچھا کرتے ہوئے دیہات سے باہر کردیا ۔ بی جے پی اور ٹی آرایس کارکنوں کے درمیان زبردست دھکم پیل چلتی رہی ۔ بی جے پی ، ٹی آرایس کارکنوں کے ایک دوسرے پر حملہ کو روکنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور یہاں سے دونوں پارٹی کے کارکنوں کو منتشر کیا ۔ اروند یہاں سے نظام آباد پہنچ کر پولیس کمشنر سے ملاقات کیلئے ہیڈ کوارٹرس پہنچ گئے اور دوبارہ نندی پیٹ کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔