نندی گرام میں ابھیشیک بنرجی کے پروگرام سے ممتابنرجی خوش

   

کولکاتا : ابھیشیک بنرجی کے نندی گرام دورے پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نندی گرام کی سیاست گندگی سے پاک ہونے جارہی ہے ۔اس سے قبل کسی نے بھی نندی گرام میں 20کلو میٹر تک پیدل مارچ نہیں کیا۔نندی گرام بنگال کی سیاست میں کافی اہم رہا ہے ۔نندی گرام میں حصول اراضی کے خلاف احتجاج کررہے کسانوں پر فائرنگ میں14 افراد کی موت ہوگئی تھی۔اس کے بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے 2006میں احتجاج شروع کیا اور یہیں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سیاست میں عروج حاصل ہوا ۔نندی گرام میں کسانوں کے احتجاج کی قیادت کرنے کی وجہ سے ممتا بنرجی ریاست کی سب سے مقبول لیڈر بن گئیں ۔ ترنمول کانگریس نے 2009 کے لوک سبھا انتخابات میں بائیں بازو سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل ۔ دو سال بعد ترنمول کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں 34 سالہ حکومت کو شکست دی۔ اور ٹھیک دس سال بعد ریاست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ممتا بنرجی نندی گرام میں سیاسی جنگ ہار گئیں (حالانکہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے )۔