نندی گرام میں گجراتیوں کو اپنا ضمیر بیچنے والے اب فرقہ پرستی میں ملوث: ممتا بنرجی

   

نندی گرام : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ وہ عناصر جنھوں نے گجرات سے آئے بیرونی اشخاص کے ہاں اپنے ضمیر کو گروی رکھ دیا، اب وہ فرقہ پرستی کا کارڈ کھیلتے ہوئے نندی گرام کی تحریک کی توہین کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اِس دعوے کو مسترد کردیا کہ وہ نندی گرام کے لئے بیرونی فرد کا درجہ رکھتی ہیں۔ ممتا بنرجی حلقہ نندی گرام سے اپنے سابق مددگار لیڈر شویندو ادھیکاری کے خلاف انتخاب لڑرہی ہیں۔ ادھیکاری چند ماہ قبل بی جے پی میں شامل ہوگئے اور اب وہ نامی گرامی نندی گرام نشست سے اسمبلی پہونچنے کے لئے کوشاں ہیں جہاں دوسرے مرحلہ میں یکم اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ ممتا بنرجی نے ادھیکاری کا نام لئے بغیر کہاکہ انھوں نے پہلے ہی سنگور یا نندی گرام سے انتخابی مقابلے کا ذہن بنالیا تھا۔ یہ دونوں حلقے 2011 ء میں اراضی حصولیابی کے خلاف شروع کردہ تحریک میں نمایاں ہوئے تھے۔ اُس تحریک کے بعد ممتا بنرجی 2011 ء میں برسر اقتدار آئیں۔ اُنھوں نے وضاحت کی کہ نندی گرام سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ عوام کی زبردست تائید و حمایت کے سبب ہے۔