بیوی اور دو بچوں کو زہر دے کر ایک شخص کی خودکشی
مظفر نگر 31 مارچ (ایجنسیز) اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی نعشیں گھر کے اندر سے برآمد ہوئیں۔ یہ واقعہ سول لائن تھانہ حدود کی سروت مدنیا کالونی میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ایک شخص نے پہلے اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں کو زہر دے کر قتل کر دیا، اور اس کے بعد خود پھانسی لگا کر اپنی جان لے لی۔ اس افسوسناک واقعہ سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ خاندان میں کہرام برپا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ارشاد نامی شخص نے اپنی بہن لالی کو عیدی کے طور پر 1500 روپے دیے تھے، جس پر اس کی بیوی نورین ناراض ہو گئی۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نورین نے اپنی ماں اور دو بہنوں کو بھی گھر بلا لیا، جہاں اسی مسلہ پر ارشاد کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ اس واقعہ سے دلبرداشتہ ہو کر ارشاد نے گزشتہ رات انتہائی خوفناک قدم اٹھایا۔