لاہور ۔6 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں گرونانک دیو کے مقام پیدائش ننکانہ صاحب پر حملہ کا اصل ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ایک اعلیٰ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مخالف دہشت گردی قانون کی غیرضمانتی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گردوارہ نانک صاحب ،گردوارہ جنم استھان سے مشہور ہے جو لاہور کے قریب واقع ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو ایک برہم ہجوم نے گردوارہ پر حملہ کیا اور سنگباری کی تھی ۔ پولیس کی ٹیم نے فوری حرکت میں آتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کی عمران کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جس نے جمعہ کو پیش آئے واقعہ میں اہم رول ادا کیا تھا ۔اس واقعہ پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں تخریب کاری کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ان کے نظریہ کیخلاف ہے ۔