نوئیڈا، 3 نومبر (آئی اے این ایس) نوئیڈا کے81 دیہاتوں کے کسانوں نے پیر کے روز زمین کے حصول، معاوضے اور بازآبادکاری کے مطالبات پر نوئیڈا اتھارٹی دفتر کے باہر مہاپنچایت کی شکل میں زبردست احتجاج کیا۔ صورتِ حال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب کچھ کسان دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے، جس پر کسانوں اور سکیورٹی عہدیداروں میں جھڑپ ہوگئی۔ صبح سے ہی سینکڑوں کسان سبز پگڑیاں پہنے اور یونین کے جھنڈے اٹھائے جمع ہونا شروع ہوگئے۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اتھارٹی برسوں سے زمین کے معاوضے، رہائشی و تجارتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور بازآبادکاری سے متعلق فیصلوں میں تاخیرکر رہی ہے۔کسان رہنماؤں نے کہا ہے کہ متعدد ملاقاتوں اور یقین دہانیوں کے باوجود عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ ہاپنچایت کے دوران کسانوں نے دفترکا مرکزی دروازہ کھولنے کی کوشش کی تو پولیس نے رکاوٹیں لگا کر روکا، جس سے دھکم پیل شروع ہوگئی۔ حالات قابو سے باہر ہونے پر اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔کسانوں نے خبردارکیا کہ اگر حکومت اور نوئیڈا اتھارٹی نے فوری طور پر ٹھوس اقدامات نہ کیے تو تحریک کو گوتم بدھ نگر سمیت پورے اتر پردیش میں وسعت دی جائے گی۔ پولیس نے دن بھر کے لیے علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ۔