نوئیڈا کے ریسٹو بار میں رامائن کا ڈب ویڈیو چلانے کے الزام میں دوافراد گرفتار

   

نوئیڈا: نوئیڈا میں ریسٹو بارکے اندر ایک بڑی اسکرین پر ٹی وی سیریل رامائن کی ڈب شدہ ویڈیو چلانے کے الزام میں ریسٹو بارکے شریک مالک اور منیجرکو گرفتارکر لیا گیا۔ یہ ویڈیو نوئیڈا کے گارڈنز گیلیریا مال میں واقع لارڈ آف دی ڈرنکس ریسٹو بار میں چلائی گئی۔ وائرل ویڈیو میں سیریل کے بھگوان رام اور راکشس راون کے کرداروں کو پس منظر میں جدید موسیقی بجاتے دکھایا گیا ہے۔ راجنیش ورما، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی)، نوئیڈا نے کہا بار کے شریک مالک مانک اگروال اور مینیجر ابھیشیک سونی کو گرفتارکرلیاگیا ہے جبکہ بارکا ڈی جے فی الحال چینائی میں ہے۔ پولیس نے کہا ایف آئی آر تعزیرات ہند کی دفعہ 153 اے (ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے متعصبانہ عمل، یا عوامی امن کو خراب کرنے کا امکان) اور 295 (کسی بھی طبقے کے مذہب کی توہین کے ارادے سے عبادت گاہ کو نقصان پہنچانا یا ناپاک کرنا) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ اے سی پی نے کہا معاملہ بہت سنگین ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی سینئر حکام کے ساتھ اجلاس ہوگا ۔ ایکسائز آفیسر کو ایک خط بھی دیا جائے گا۔ ایکسائزڈپارٹمنٹ کے ذریعہ لائسنس منسوخ کرنے کے لئے کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ایک انٹرنیٹ صارف نے ٹویٹر پر واقعہ کی ویڈیو شائع کی اور پوسٹ میں یوپی پولیس کے ساتھ ساتھ نوئیڈا پولیس کو بھی ٹیگ کیا۔ صارف نے ٹویٹ کیا، یہ ویڈیو نوئیڈا میں کھلے عام چلایا جا رہا ہے اور ہندو مذہب کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، اس پر فوری طور پر کارروائی ہونی چاہیے، ورنہ اگر توڑ پھوڑ ہوتی ہے، تو وہ صرف (ریسٹو بار) ہی اس کے ذمہ دار ہوں گے۔