نواب محبوب علی خاں یادگار کی تعمیر کیلئے 20 لاکھ روپئے منظور

   

محبوب نگر میونسپل چیرمین آنند گوڑ کا اعلان، جائزہ اجلاس سے خطاب

محبوب نگر۔ 4؍اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ میونسپل چیرمین آنند کمار گوڑ نے نظام ششم نواب میر محبوب علی خان کی یادگار کے طور پر کمیونیٹی ہال اور مینار کی تعمیر کے لئے 20 لاکھ روپئے کی منظوری کا اعلان کردیا۔ انھوں نے ہفتہ کے دن بلدیہ کے گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ اجلاس ’’پاکیزگی اور ہریالی‘‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ واضح رہے کہ سید سعادت اللہ حسینی کونسلر نے کمیونیٹی ہال اور مینار کی تعمیر کے لئے پرزور مطالبہ کیا جس کو چیرمین بلدیہ نے بلاتاخیر قبول کرلیا۔ چیرمین نے تسلسل میں یہ بھی کہا کہ 7 اگست کو نظام ششم کی یوم پیدائش کی مناسبت سے تعمیری کام کا آغاز بھی کردیا جائے۔ سعادت اللہ حسینی نے میٹوگڈہ سرکل پر تعمیر کئے جارہے مٹن مارکٹ کی جگہ اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے لئے درکار عمارت کے لئے ترمیم اور اس کو دیگر متبادل جگہ پر تعمیر کرکے میٹوگڈہ سرکل پر شاپنگ کامپلکس تعمیر کرتے ہوئے بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کا موقع حاصل کریں اور بے روزگار نوجوانوں کو اِسکل ڈیولپمنٹ تربیت کے بعد روزگار کی فراہمی کے لئے ملگیات فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ اجلاس میں کمشنر بلدیہ مہیشور ریڈی، نائب چیرمین شبیر احمد اور دیگر جماعتوں کے کونسلرس موجود تھے۔