نواب ملک کو ٹکٹ دینے پر بی جے پی اجیت پوار سے ناراض

   

ممبئی :اجیت پوار کی قیادت میں مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے متنازعہ شخصیت نواب ملک کو انتخابات میں ٹکٹ دیا ہے، جس کے بعد این ڈی اے کے اتحادیوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بی جے پی اور شنڈے کی زیر قیادت شیوسینا نے اس اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔شیو سینا نے نواب ملک کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کر دیا ہے جبکہ بی جے پی نے ملک کی حمایت سے مکمل انکار کر دیا ہے اور یہاں تک کہ ان کے مخالف امیدوار کے لیے مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ممبئی میں بی جے پی کے صدر آشییش شیلار نے میڈیا کو بتایا کہ اجیت پوار کو نواب ملک کو ٹکٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔ مہاراشٹرا کے لوگ ایسی شخصیات کو پسند نہیں کرتے جن کے خلاف سنگین الزامات اور مقدمات درج ہیں۔
‘‘انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کا موقف واضح ہے، مہاراشٹر دہشت گردی اور داؤد جیسے عالمی سطح پر بدنام دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ ہم ایسے افراد کے ساتھ نہیں کھڑے ہو سکتے۔”شیلار کا مزید کہنا تھا کہ نواب ملک کے خلاف موجودہ چارچ شیٹ اور ان پر لگے سنگین الزامات کو مہاراشٹر کے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا، بی جے پی کا موقف واضح ہے کہ وہ نواب ملک جیسے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم نہیں چلائے گی بلکہ ان کے مخالف امیدوار کے حق میں مہم چلائی جائے گی۔بی جے پی کی اس پوزیشن سے این سی پی میں اختلافات کا خدشہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر ان پارٹی کارکنوں میں جو نواب ملک کی حمایت کر رہے ہیں۔ شندے کی شیو سینا کی طرف سے نواب ملک کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔