ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر نواب ملک کی عرضی پر سماعت کے لئے سپریم کورٹ رضا مند ہوگئی ہے۔ نواب ملک نے بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف یہ عرضی لگائی ہے۔ اس میں انہوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی حراست سے رہائی منظور کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ بدعنوانی اور کالے دھن کی جانچ سے متعلق ایک معاملے میں ای ڈی کی حراست میں ہے۔نواب ملک کے وکیل کپل سبل نے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کے سامنے دلیل دی کہ لین دین کی بنیاد پر ای ڈی کی کارروائی آگے بڑھ رہی ہے۔ وہ سال 2000 سے پہلے کا ہے۔ جبکہ جس قانون کے تحت یہ کارروائی کی جارہی ہے، وہ سال 2005 میں وجود میں آیا۔ ایسے میں یہ کارروائی قانونی کیسے ہوسکتی ہے۔ اس پر عدالت عظمیٰ میں فوراً غور کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس پر چیف جسٹس آف انڈیا نے رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’ہاں، ہم سماعت کریں گے‘۔