نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا بہت بڑی غلطی تھی: عمران خان

,

   

جب تک میں زندہ ہوں، ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کا پیچھا کرتا رہوں گا

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینا بہت بڑی غلطی تھی۔جمعہ کو منڈی بہاؤ الدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو کبھی ایک بیماری ہو جاتی تو کبھی دوسری اور پلیٹ لیٹس کم ہو جاتے، اسی وجہ سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو این آر او نہیں ملے گا۔ ’جیسا این آر او وہ جنرل مشرف سے لے کر گئے تھے۔‘انہوں نے ایک بار پھر دوہرایا کہ جب تک نواز شریف ملک کی دولت واپس نہیں کر دیتے تب تک انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں ان لوگوں کا پیچھا کرتے رہیں گے جنہوں نے ملک کا پیسہ لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے ڈرے ہوئے ہیں، انہوں نے جو کچھ بھی کرنا ہے، ہم اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔عمران خان نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کہتی ہیں کہ ان کے پاس ٹیپس ہیں۔’پہلے جج ارشد ملک کی ٹیپ لائی گئی اب کہتی ہیں کہ سابق چیف جسٹس کی ٹیپ بھی ان کے پاس ہے۔‘انہوں نے کہا کہ سیاست دان ٹیپس نہیں بناتے بلکہ ایسے کام مافیاز کرتے ہیں۔عمران خان نے ایک بار پھر اوورسیز پاکستانیوں کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دور میں انہوں نے تاریخی ترسیلات زر بھجوائیں۔’اب اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا گیا ہے، اور وہ اگلے الیکشن میں ووٹ ڈالیں گے۔‘ وزیراعظم نے پچھلے ادوار میں ہونے والے ڈرون حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا اتحادی ہی ایسا کرتا تھا جبکہ ہمارے حکمران اس پر خاموش رہتے تھے۔بقول ان کے اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کے پیسے باہر پڑے ہوئے تھے۔’اگر آج میں بھی پیسے چوری کر کے باہر رکھ دوں تو میں ان ممالک کے خلاف بول نہیں سکوں گا۔‘عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ڈرون حملے کیوں نہیں ہوتے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارا کچھ بھی باہر نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر ایسا ہوتا تو ان کو کبھی نہ کہہ سکتا کہ میں آپ ان کو بیس نہیں دوں گا۔ وزیراعظم نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا دل بڑا کمزور ہے، ان کا کیس چلا تو انہیں پتہ ہے کہ انہوں نے نہیں بچنا۔’اگر نواز شریف بے قصور ہیں تو عدالتوں سے کیوں بھاگ رہے ہیں، اب تو عدالتیں بھی آزاد ہیں‘انہوں نے اپوزیشن کو للکارتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو بھی پلان بنایا ہے، اس کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔’آپ کو نہ صرف شکست ہو گی بلکہ آپ سب جیل بھی جائیں گے۔‘