نواز شریف کو ہاسپٹل میں شریک کرنے میڈیکل بورڈ کی سفارش

   

لاہور، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر اعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں آج ان سے ملاقات کیلئے آئے ٹی ایم ایل ۔ این قائدین کو اپنی کیفیت بتانے کیلئے نامور شاعر مرزا غالب کے ایک شعر کا سہارا لیا اور کہا :
ان کے دیکھے سے جو آجاتی ہے منہ پر رونق
وہ سمجھتے ہیں کہ بیمار کا حال اچھا ہے
اس دوران 69 سالہ نواز شریف کی صحت کی جانچ کیلئے قائم خصوصی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ ’خصوصی دیکھ بھال‘ کیلئے انہیں ہاسپٹل میں داخل کرانے کی ضرورت ہے ۔ علامہ اقبال میڈیکل کالج اور جناح ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کی چار رکنی خصوصی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں نواز شریف کے بلڈ پریشر اور ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کیلئے کچھ دواؤں میں تبدیلی کئے جانے اور جانچ کرانے کا بھی مشورہ دیا گیا تھا۔ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز کے معاملے میں7سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔