نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل ضمانت منظور

   

اسلام آباد : پاکستان کی ایک عدالت نے ماضی میں سزا یافتہ اور جلاوطن سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ان کے وکیل نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ جب وہ اس ہفتے کے آخر میں وطن واپس آئیں گے تو انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔مقامی میڈیا کی خبروں میں بتایا گیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکلاء نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جو ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس کیس میں دائر کی گئی تھیں۔ اس درخواست میں موقف یہ اختیار کیا گیا کہ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ مذکورہ کیسز جن کا انہیں سامنا ہے، ان میں وہ عدالت تک پہنچ سکیں۔ اطلاعات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف ایک خصوصی پرواز سے پاکستان آرہے ہیں اور وہ 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں لینڈ کریں گے۔ ان کے وکلاء کی طرف سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت تک پہنچنے کے لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظورکی جائے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف تقریباً چار سال کی خود ساختہ طبی جلاوطنی کے بعد وطن لوٹیں گے۔ وہ جنوری 2024 ء میں ہونے والے قومی انتخابات میں اپنی جماعت پاکستان مسلم لیگ-نواز (پی ایم ایل این) کی قیادت کرنے کی امید کر رہے ہیں۔ عدالت کے اس فیصلے سے نواز شریف کو ہفتے کے روز اپنے گھر لاہور میں ایک استقبالیہ ریلی میں شرکت کا موقع بھی مل سکے گا جب کہ ان کے سیاسی مخالف اور پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر عمران خان جیل میں ہیں۔