ماسکو : روسی وزارت خارجہ کے مطابق یورپی یونین کے سفارت کاروں کو الیکسی نوالنی کی گرفتاری کے خلاف ’غیر قانونی مظاہروں‘ میں شرکت کے باعث بے دخل کیا گیا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس اقدام کی سخت مذمت کی ہے۔روس نے جن تین سفارت کاروں کو ملک بدر کیا ہے ان کا تعلق جرمنی، سویڈن اور پولینڈ سے ہے۔ جرمن چانسلر مرکل نے روس کی جانب سے یورپی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے عمل کی سخت مذمت کی ہے۔روسی وزارت خارجہ نے ان تینوں یورپی سفارت کاروں کو کریملن کے ناقد روسی اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شرکت کے باعث ملک بدر کیا ہے۔جمعہ کے روز ان کی بے دخلی کا اعلان کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا، ”ان افراد کے اقدامات ناقابل قبول ہیں اور سفارت کاری کے آداب کے بھی خلاف ہیں۔‘‘روس نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب ماسکو میں یورپی یونین کے خارجہ پالیسی سے متعلق سربراہ جوزف بوریل کی روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف سے ملاقات جاری تھی۔