نوال سعید بالی ووڈ میں منوج باجپائی سے زیادہ متاثر

   

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ نوال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ اگر انہیں انڈین فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ سلمان خان کے بجائے منوج باجپائی کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیں گی۔ حالیہ دنوں نوال سعید نے پرائیویٹ ٹی وی چیانل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ نوال سے بھارت میں اپنی مقبولیت، دونوں ملکوں کے درمیان کام پر عائد پابندیوں اور پسندیدہ اداکار کے حوالے سے سوالات کیے گئے۔ نوال نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیادہ تر فالوونگ بھارت سے ہے، اور وہ نہیں جانتی کہ وہ وہاں کیسے مشہور ہوئیں۔ نوال نے کہا کہپاکستانی ڈرامے بھارت میں بہت دیکھے جاتے ہیں، جس طرح یہاں بھارتی فلمیں مقبول ہیں۔ ممکن ہے کہ بھارتی ناظرین نے ان کا کوئی ڈرامہ دیکھا ہو یا پھر کوئی میم وائرل ہوئی ہو، جس کے باعث وہ انہیں جاننے لگے۔ پاکستانی اداکارہ نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں سلمان خان پسند ہیں، لیکن بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ سلمان یا شاہ رخ خان کے بجائے منوج باجپائی کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گی کیونکہ انہیں ان کی اداکاری بہت پسند ہے۔