نوبل انعام یافتہ گان کا اجلاس ڈاکٹر جناردھن ریڈی شرکت کریں گے

   

حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کمشنر یچ ایم ڈی اے ڈاکٹر جناردھن ریڈی ایکسلنس ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد عنقریب ایک اور منفرد اعزاز حاصل کریں گے کیوں کہ عالمی سطح پر کافی اہمیت کے حامل نوبل انعام یافتگان کے ساتھ وہ 14 تا 18 جنوری نارتھ کرولینا امریکہ کی ڈیوک یونیورسٹی میں منعقد شدنی اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کریں گے ۔ اس باوقار اجلاس میں شرکت کے لیے مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ سے ڈاکٹر جناردھن ریڈی کمشنر یچ ایم ڈی اے کا انتخاب کیا ہے ۔ جناردھن ریڈی ماضی میں بحیثیت کمشنر جی ایچ ایم سی سوچھ بھارت مشن کو کامیاب بنانے کے لیے نت نئے اقدامات انجام دیتے تھے اور ان کی خدمات کے اعتراف میں مرکزی حکومت نے انہیں پردھان منتری ایکسلنس ایوارڈ سے نوازا تھا اور امریکہ میں نوبل انعام یافتگان کے ساتھ 14 تا 18 جنوری منعقد شدنی باوقار اجلاس میں شرکت کے لیے جانے سے قبل جناردھن ریڈی ایچ ایم ڈی اے کے سابق کمشنر چرنجیولو کو انچارج کمشنر کی حیثیت سے ذمہ داری حوالے کریں گے اور اس مناسبت سے حکومت نے احکامات بھی جاری کردئیے ہیں ۔ واضح ہو کہ چرنجیولو فی الحال اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن محکمہ کے کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔۔